دوسال کے تعطل کے بعد حج آپریشن شروع، 215عازمین حج   ملتان سے مدینہ منورہ  کیلئے روانہ

40

ملتان،6جون  (اے پی پی):دوسال کے تعطل کے بعد ملتان سے حج پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا اور پیر کے روز پہلی حج پرواز 215عازمین حج کو لے کر ملتان سے مدینہ منورہ روانہ ہوگئی۔

 ایئر   بلیوکی فلانٹ پی اے ۔876کو رخصت کرنے کے لیے صوبائی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات سید علی حیدرگیلانی اور ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر سمیت اہم شخصیات ایئرپورٹ پر موجودتھیں۔علی حیدرگیلانی نے عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا ۔

 ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر علی حیدرگیلانی نے کہاکہ ملک اس وقت مسائل سے دو چار ہے ،ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ۔عازمین حج ملکی سلامتی واستحکام کے لیے دعا کریں۔انہوں نے کہاکہ آپ پاکستان کے ہی نہیں بلکہ سرائیکی وسیب کے سفیر بن کر سعودی عرب جارہے ہیں۔ آپ وہاں ہماری روایات کو فروغ دیں تاکہ لوگ جنوبی پنجاب خطے میں آنا پسند کریں گے۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے بتایا کہ ا اس سال حج آپریشن ایک ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا ہے۔ اس سے قبل حج آپریشن کے طریقہ کار میں آٹھ سے دس ماہ کا وقت لگ جاتا تھا۔انہوں نے مزیدکہاکہ ہمارا حجاج کرام کا کوٹہ ایک لاکھ 80ہزار کا ہے لیکن سعودی حکومت نے اس دفعہ صرف 81ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سال ملتان سے3 ہزار  افراد سرکاری طورپر حج کی سعادت حاصل کریں گے جن کے لیے 11پروازوں کا اہتمام کیاگیا ہے۔ ملتان سے آخری حج پرواز 24جون کو روانہ ہوگی۔