ملتان؛ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ضلع بھر میں کارروائیاں ،2 لاکھ سے زائد جرمانے عائد ، 5  مقدمات   درج

15

ملتان، 06 جون (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی ہدایت پر ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور سرکاری نرخوں کیخلاف ورزی پر 2 لاکھ سے زائد جرمانے عائد کرکے 5  مقدمات بھی درج کرادیے ہیں ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا   اجلاس ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے پلیٹ فارم سے مشترکہ لائحہ عمل بھی تیار کرلیا گیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ ہول سیل ڈیلرز،کریانہ ایسوسی ایشن اور ضلعی حکام عوام کو ریلیف دینے کیلئے کمیٹی کے پلیٹ سے فارم سے اقدامات کرینگے۔

رضوان نذیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مہنگائی روکنے کیلئے سخت اقدامات کا ٹاسک دیا ہے۔ہول سیل ڈیلرز کو سستی سپلائی دینے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا  کہ آٹا،گھی اور اشیا ضروریہ کی قیمتوں پر خصوصی توجہ  ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پرائس کنٹرول سکواڈ بھی تشکیل دیا جارہا ہے۔

اس موقع پر پرائس کنٹرول کمیٹی کے روزانہ اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔