سرکاری اداروں میں ملازمین کی کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی؛ممبر قومی اسمبلی میرمنورعلی ٹالپر

9

ميرپورخاص ، یکم جون (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی و ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی میرمنورعلی ٹالپر نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سمیت دیگر اداروں کے اچانک دورے کر کے عملے و افسران کی  حاضری، صفائی ستھرائی ریکارڈ کی حفاظت سمیت دیگر سرکاری ملکیت چیک کی جائیں گی کسی بھی قسم کی کوتاہی ہونے کے صورت میں متعلقہ  افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سلامت علی میمن کے ہمراہ ڈی او ایجوکیشن  سیکنڈری آفس میرپوخاص کا اچانک دورہ کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر ڈی ای او  آفس کی صفائی، لائیٹ کی تاریں لٹکنے  اور ریکارڈ صحیع ترتیب سے نہ ہونے، اس کے ساتھ ڈی ای او میر عطا الله ٹالپر سمیت عملے  کے غیر حاضر رہنے کا نوٹس لیا ۔

ممبر قومی اسمبلی میرمنورعلی ٹالپر نے تمام متعلقہ افسران کو پیغام دیتے ہوئے کہا کے  اسلام ہمیں صفائی ستھرائی اور سچائی سے لوگوں کی خدمت کرنے کا درس دیتا ہے ، ہمیں دفاتر کو اپنے گھر کی طرح  دیکھ بھال کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری امور سمیت دفاتر میں آنے والے لوگوں کے مسائل حل کرنے چاہیئے  اس میں ہی ہماری نیکی اور بھلائی ہے۔

 اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن سیکنڈری دیدار حسین وگن نے یقین دہانی کراتے ہوئےکہا کے تمام دفاتر میں عملے و افسران کی موجودگی ،صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کیا جائے گا اور دفاتر میں آنے والے افراد کا بغیر کسی وقت کے ضیاع کیئے مسائل حل کیلئے جائیں گے۔

اس موقع پر جے ایس ٹی کے امتحان میں شریک طلبہ و طلبات نے بھی عملے کے صحیع رہنمائی نہ کرنے کی شکایت کی۔

 ڈپٹی ڈی او ایجوکیشن سیکنڈری عبدالعزیز شورونے بتایا کہ سیکنڈ لسٹ کے مطابق  جے ایس ٹی پاس امیدواروں کو طلب کیا گیا تھا جن امیدواروں کو طلب نہیں کیا گیا تھا وہ بھی آفس پہنچے ہیں اس لیئے مسائل درپیش آٰئے ہیں۔