سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے بیلجیئم کے بادشاہ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں

2

برسلز،29 جون (اے پی پی): بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے برسلز کے شاہی محل میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بیلجیئم کے بادشاہ ہز میجسٹی فلپ لیوپولڈ لوئس میری کو اسناد پیش کیں۔سفیرِ پاکستان نے بیلجیئم کے بادشاہ کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کی نیک خواہشات کا پیغام بھی  پہنچایا۔

پاکستان اور  بیلجیئم کے دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور  دیتے ہوئے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان مزید مضبوط، متحرک اور متنوع شراکت داری کی تعمیر کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 بیلجیئم کے بادشاہ ہز میجسٹی فلپ لیوپولڈ لوئس میری نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔