اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ کی زیر صدارت بلوچستان کوپانی فراہمی کے بار ے میں خصوصی کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا۔آبی وسائل اور ارسا حکام نے پانی کی فراہمی کے حوالے سے دورہ سندھ اور بلوچستان کو پانی کی فراہمی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔اجلاس میں وفاقی وزراء ایاز صادق ، آغا حسن بلوچ ، ممبر اسمبلی خالد مگسی ، وفاقی سیکرٹری آبی وسائل ، چئیرمین و ممبران ارسا سمیت دیگر نے شرکت۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بلوچستان کو ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی چند دنوں میں شروع کردی جائے گی۔صوبے کو تین دنوں میں مزید 6ہزار کیوسک پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔چند دنوں میں اوچھ اور منوٹھی کنال سےبھی پانی فراہمی شروع ہوجائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نےکہا کہ حالیہ بارشوں سے امید ہے کہ پانی کی قلت کم ہو جائے گی،حکومت کی کوشش ہے کہ تمام صوبوں کو پانی کی یکساں سہولت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندھ کو اس کے حصے کا پانی بروقت فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ہم نے بلوچستان کو پانی کی کم فراہمی کے حوالے سے ذیلی کمیٹی بنائی جو خود دورہ کر کے آئی ہے۔بلوچستان کے قائدین خود دیکھ کر آئے ہیں کہ سندھ بلوچستان کی حق سلبی نہیں کر رہا۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بلوچستان کوپانی کی فراہمی کے حوالے شکایت نہیں ہوگی۔ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جلد وزیر اعظم کو اس بارے مفصل رپورٹ پیش کی جائے گی ۔











