مری؛مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف کے 160ویں سالانہ عرس مبارک  کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں

44

مری،06جون(اے پی پی): مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف کے 160ویں سالانہ عرس مبارک  کی تین روزہ تقریبات  سجادہ نشین حضرت الحاج پیر اولیاء بادشاہ فاروق کی سرپرستی میں موہڑہ شریف مری میں اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔

 عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات میں ملک بھر سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سے ہزاروں عقیدت مندوں نے جوق درجوق شرکت کی جن میں خواتین اور بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

 اختتامی تقریب سے سجادہ نشین مرکزی دربار عالیہ موہڑہ شریف الحاج پیر اولیاء بادشاہ فاروق نے زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان فلسطین،  کشمیر اور افغانستان میں یہودو ہنود کے ظلم و ستم کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، اتحاد بین المسلمین میں فقدان کی  وجہ سے کفار ہم پر مسلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک نبیﷺ کی شریعت پر ہم عمل پیرا نہیں ہونگے، ہم ذلت ورسوائی سے دو چار ہونگے۔

 الحاج پیر اولیاء بادشاہ فاروق  نے امت مسلمہ پر زور دیکر کہا کہ وہ متحد ہو کر اسلام دشمن کفر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انشاءاللہ کشمیر آزاد ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر پاک ہند میں اسلام کی اشاعت کے لئے اولیاء کرام و مشائخ عظام کی لازوال قربانیاں ہیں۔

 تین روزہ تقریبات سے ولی عہد موہڑہ شریف پیر جہانزیب بادشاہ قاسمی والیء موہڑہ شریف حضرت پیر احمد فاروق اسلامی نظریاتی  کو نسل کے رکن ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل عیاض قاسمی پیر محمد عمر زیب قاسمی شہزادہ محمد زائد خان کے علاوہ علماء کرام اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر حسب روایت جبہ اقدسﷺ کا دیدار بھی کرایا گیا۔