ہنگو؛ پشاور میں وکلاء کا ڈی سی آفس پر حملے کیخلاف  پی ایم ایس افسران کا احتجاج، دفاتر احتجاجاً بند کر دئیے

27

ہنگو،06جون(اے پی پی): خیبر پختونخواہ کے دیگر اضلاع کی طرح ہنگو میں بھی پی ایم ایس افسران نے احتجاج کرتے ہوئے تمام دفاتر احتجاجاً بند کر دئیے ہیں۔

پشاور میں وکلاء کا ڈی سی آفس پر حملے کے خلاف ہنگو  انتظامیہ نے  پی ایم ایس افسران کی صوبائی تنظیم کی ہدایت پر احتجاج کی کال دی جس کے مطابق 6 جون کو ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر احتجاج بند  رکھے گئے۔احتجاج میں ڈپٹی کمشنر ہنگو سرمد سلیم اکرم، اے ڈی سی سردار بہادر، اے ڈی سی فنانس احسان اللہ، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پٹواریوں، سرکاری ملازمین نے شرکت کی اور وکلاء گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

 پی ایم ایس افسران نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کا کارسرکار میں مداخلت نامنظور ہے، پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن وکلاء نے پشاور میں پر امن احتجاج کے نام پر ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر پر حملہ کیا ہے جو کہ سراسر قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء بھی دیگر شہریوں کی طرح قانون کے پابند ہے، کسی بھی شہری کو کار سرکار میں مداخلت کی اجازت نہیں۔

 اس موقع پر ہنگو ضلعی سیکرٹریٹ سے ڈپٹی کمشنر ہنگو کے دفتر تک پر امن ریلی بھی نکالی گئی۔