مصنوعی مہنگائی کی ابتر صورتحال ناقابل برداشت ہے، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں؛ ایم پی اے میاں نوید علی

9

پاکپتن،6جون  (اے پی پی):ایم پی اے میاں نوید علی نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی کی ابتر صورتحال ناقابل برداشت ہے، ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں، پنجاب حکومت عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پاکپتن کا مصنوعی مہنگائی کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹ لسٹیں، ہر دوکان، ریڑھی پر واضح آویزاں کی جائیں اور ان کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے، پرائس مجسٹریٹس قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں،ناجائز منافع خوری کرنے والوں کی کوئی سفارش قابل قبول نہیں ہوگی بازاروں کی روزانہ چیکنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں بھی اشیائے کے ریٹ کو باقاعدہ روزانہ مانیٹر کیا جا رہا ہے، مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے اور اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ ماہ مئی میں  پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 3532 انسپکشنز کیں اورپر ائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں سے 1187400 روپے جرمانہ وصول کیا، پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 7 افراد کے خلاف ایف آئی آر اور77 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا۔

   اسسٹنٹ کمشنر شرجیل شاہد گجر نے سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا  بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سبزیوں، پھلوں کے معیار کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ بولی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کمیشن ایجنٹس، آڑھتیوں پر زور دیا کہ حکومتی ہدایات پر سو فیصد عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور سبزیاں، پھل کم سے کم شرح منافع پر فروخت کریں اور ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے خریداروں،دوکانداروں اور کاشتکاروں سے ان کے مسائل دریافت کیے  جبکہ انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بولی کے اوقات میں حاضر رہیں، سبزیوں اور پھلوں کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں۔

ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس   میں اے ڈی سی آر ماہم آصف ملک، اے سی پاکپتن شرجیل شاہد گجر،ایس این اے فیاض مسعود، ڈی ڈی زراعت ریاض احمد، ایڈ من آفسیر فرزند خاں لودھی، پی ایس او ٹو ڈی سی شفیق شاہین، ڈی او بجٹ انوار الحق بدر،، ڈی او انڈسٹری رانا نعیم الرحمان، ڈی ڈی ایل جی طاہر مختار، اے ڈی انوائرمنٹ رانا صفدر علی، اے ڈی ایل ڈاکٹر سلیم انجم، سی او ایم سی ملک جاوید اسلم، ایم پی ایز کے نمائندے،پرائس مجسٹریٹس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔