مظفرگڑھ، 25جون(اے پی پی):ریسکیو1122 مظفرگڑھ اور ملتان کی ٹیمز کی جانب سے سیلاب کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی تیاری کے حوالہ سے دریائے چناب کے مغربی کنارہ پر مشترکہ عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ علی عنان قمر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، دیگر لائن ڈپارٹمنٹس میں سول ڈیفنس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، لائو سٹاک کے ساتھ ساتھ دیگر فلاہی تنظیمیں دوآبہ فائونڈیشن اور ایف ڈی او کی جانب سے سٹالز بھی لگائے گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کو ریسکیو 1122 کی جانب سے سیلاب کے حوالے سے کئیے جانیوالے انتظامات اور مظفرگڑھ کے ایسے تمام مقامات کے بارے میں بریفنگ دی جنہیں سیلابی صورتحال میں زیادہ خطرات لاحق ہیں۔
اس موقع پر ریسکیو1122 کے اہلکاروں کی جانب سے انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ،فلڈ اینڈ میڈیکل ایکوئپمنٹس کے سٹالز بھی لگائے گئے جہاں ڈپٹی کمشنر کو ان ایکوئپمنٹس کی فنکشنیلٹی اور استعمال کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی گئی، اسکے ساتھ ساتھ ریسکیورز کی جانب سے کشتی رانی، ڈوبتے ہوئے شخص کو بچانے اور سانپ پکڑنے جیسی مشقوں سمیت میڈیکل فرسٹ ایڈ، سکوبا ڈائونگ، لائن سرچ،تیراکی اور غوطہ خوری کی عملی مشقوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالہ سے آلات اور ریسکیو کی کارکردگی کو جانچنا اور قبل از وقت تیاری کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کے درمیان سیلابی صورتحال میں باہمی تعاون کو بہتر بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو نہایت متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد تمام اداروں کی قبل از وقت تیاری ہے تاکہ ان عملی مشقوں سے ہم اپنی استعداد کار کا صحیح اندازہ لگا سکیں جسکی بنیاد پر ہم اپنی کمی کوتاہیوں کو بروقت پورا کر سکتے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو1122 بلاشبہ وہ واحد ادارہ ہے جس کی کارکردگی دیگر اداروں کے لئیے مشعل راہ ہے۔
اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو شارخ چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ جمیل شاہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑھ ڈاکٹر حسین میاں، اور پی ڈی ایم اے کوآرڈینیٹر عرفان سیال نے بھی مشقوں میں شرکت کی۔











