ملتان؛بغیر لائٹس/ خراب لائٹس والی گاڑیوں اور تیز لائٹس کا استعمال کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز

18

ملتان، 26 جون (اے پی پی): انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایات پر ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی  میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے ملتان سکھر موٹروے پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں میں HID/LED لائٹس استعمال کرنے والے ڈرائیور حضرات کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے تمام ڈرائیور حضرات کو وارننگ جاری کر دی ہے اور ایسی تیز لائٹ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جںکہ بغیر لائٹس/ خراب لائٹس والی گاڑی چلانے کو ممنوع قرار دیا ہے۔

 اس سلسلے میں  سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایسی گاڑیاں موٹروے پر چلنے والی دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لئے پریشانی کا باعث بن رہی ہیں اِن کے استعمال سے کوئی حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے۔ایسی گاڑیوں کو مؤثر مدد فراہم کی جا رہی ہے اور ایسے ڈرائیور حضرات پر جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے  بتایا کہ موٹروے یا ہائی وے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن’130′ یا اسمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔