ملتان انٹر کلبز فضل حسین کھوکھر میموریل جمناسٹک چیمپئن شپ،محمد مرسلین بہترین جمناسٹ قرار

34

ملتان،26جون(اے پی پی):آل ملتان انٹر کلبز فضل حسین کھوکھر میموریل جمناسٹک چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جو کہ سپورٹس گراؤنڈ ملتان میں ہوا جس میں ملتان شہر سے مختلف ٹیموں نے حصہ لیا،  چیمپین شپ کی بہترین ٹیم ہونے کا اعزاز نیشنل جمناسٹک کلب کی لائٹنز برانچ نے حاصل کیا اور محمد مرسلین چیمپین شپ کے بہترین جمناسٹ قرار پائے، سیکنڈ بیسٹ جمناسٹ کی دوڑ میں سفیر عباس اور شہباز علی قرار پائے۔

تقریب کے مہمان خصوصی  ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ملتان فاروق لطی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو بہت سراہا اور ان میں انعامات بھی تقسیم کیے اور مستقبل میں اپنی طرف سےجمناسٹک گیم کے فروغ کیلئے بھرپور معاونت کا بھی اعلان کیا۔

 تقریب کے آخر میں تمام ٹیمز کے کھلاڑیوں نے مشترکہ طور پر جمناسٹک کا بہترین مظاہرہ پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ تقریب کا انعقاد سپورٹس آفس ملتان اور ڈسٹرکٹ وڈویزنل جمناسٹک ایسوسی ایشن ملتان کے تحت ہوا. چیمپئن شپ کا انعقاد ملتان جمناسٹکس ایسوسی کے جنرل سیکریٹری شہباز احمد کھوکھر، صدر کامران صادق، چیئرمین اظہار حیدر، سید غلام حر ،زرغام عباس ، سید سخی عباس اور حمیر خان نے اپنی نگرانی میں کروایا۔