ملتان،04جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایت پر موٹروے سنٹرل 2 زون کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر دیا گیا جس کی مدد سے مسافروں کے تحفظ اور قانون کے یکساں نفاذ کو یقینی بنانے میں آسانی ہوگی۔
موٹروے سنٹرل 2 زون کے زونل کمانڈر فدا حسین مستوئی کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی ہدایت پر اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کی نگرانی جدید سپیڈ کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے۔ڈرون کیمرہ کی مدد سے لین وائلیشن کرنے والی اور موبائل فون کا دوران ڈرائیونگ استعمال کرنے والی گاڑیوں کو روک کر جرمانہ کیا جارہا ہے۔ اس جدید نظام کو مخصوص اور منتخب موٹرویز پر شروع کیا جا رہا ہے جو کہ خامیوں سے پاک جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
موٹروے سنٹرل 2 زون کو ڈرون سے لیس کیا جانا ڈیجیٹل روڈز کی جانب بڑا قدم ہےاور ان نئے اقدامات کے نفاذ کا مقصد پاکستان اور بین الاقوامی معیار کے تحت چلنے والے جدید اور بہترین نظام کو بروئے کار لانا ہے۔
موٹرویز پر اوور سپیڈنگ کرنے اور سیٹ بیلٹ کا استعمال نا کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں پیٹرولنگ گاڑیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کا تعاقب کریں اور انہیں روکیں، موٹرویز پر لین ڈسپلن پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔
موٹروے سنٹرل 2 زون کے تمام فیلڈ افسران باڈی وارن کیمروں سے لیس ہیں جو شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنانے کیلئے فوٹیج کو براہ راست جدید ترین کمانڈ سنٹر پر منتقل کرتے ہیں۔ ٹول پلازوں پر بھی افسران تعینات کئے گئے ہیں جو مسافروں کو موٹر وے سے باہر نکلتے وقت جرمانے ادا کرنے کے لئے رہنمائی فراہم کریں گے۔ جس کی وجہ سے جرمانے سے بچنے کا اب کوئی امکان نہیں رہے گا۔
اس حوالے سے سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مزید بتایا کہ ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور نئے عزم اور جذبے کے ساتھ مسافروں کی خدمت جاری رکھیں گے۔











