ملتان: اصحاب رسول ﷺ اور تاریخی شخصیات کی زندگی ہمارے لیئے مشعل راہ ہے ،ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب جناب ڈاکٹر احسان صادق

4

ملتان 23 جون (اےپی پی): کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان گوہر مشتاق بھٹہ کی ہدایات پر پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں جاری سپیشلائز ڈکورس اور انٹرمیڈیٹ کلاس کورس کے زیر تربیت پولیس افسران کے درمیان کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔  فائنل مقابلہ کے مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب جناب ڈاکٹر احسان صادق صاحب تھے ان کے ہمراہ AIG ڈسپلن جنوبی پنجاب عمران شوکت، AIG انوسٹی گیشن رانا محمد اشرف، ایس پی سپیشل برانچ ملتان محمد جاوید خان، ایس پی سٹی ٹریفک پولیس ملتان عمران جلیل، ایس پی آر آئی بی ملتان راؤ نعیم شاہد، ایس ایس پی ریٹائرڈ شریف ظفر،ریجنل آفیسر ریٹائرڈ سپیشل برانچ ملتان محمد اشرف تھے۔ جبکہ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء احمد،پروفیسر ڈاکٹر عبدلقادر، پروفیسر ڈاکٹر اطہر منیر صدیقی، پروفیسر ذوالفقار، پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال، پروفیسر ڈاکٹر عدنان طاہر،پروفیسر ڈاکٹر تراب الحسن جبکہ شعراء پروفیسر ڈاکٹر سید شوزیب کاظمی اور معزز ایڈوو کیٹ لیاقت علی، ندیم سعادت خان  اور قیصر محمود گجر و دیگر مہمانان و پولیس افسران نے شرکت کی   زیر تربیت سپیشلائز کورس اور انٹر میڈیٹ کلاس کورس کے پولیس افسران کے مابین اصحاب رسول ﷺ حضرت ابو عبید ابن جراح ؓ، حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ، حضرت خالد بن ولید ؓاور تاریخی شخصیات میں سلطان نورالدین زنگی،  صلاح الدین ایوبی، فاتح سند ھ محمدبن قاسم جبکہ نشان حید ر پانے والے میجر عزیز بھٹی شہیدکیپٹن کرنل شیر خان شہید،  حوالدار لالک جان شہید  کے موضوعات پر زیرتربیت پولیس افسران کے مابین کوئز مقابلے ہوئے۔ جن میں زیر تربیت سب انسپکٹر نوید احمدآمدہ ضلع شیخورہ اور ہیڈ کانسٹیبل قیصر عباس آمدہ ضلع ڈیرہ غازیخان فاتح رہے جبکہ زیرتربیت سب انسپکٹر غلام مصطفی آمدہ ضلع بہاولپور اور ہیڈ کانسٹیبل محمد آفتاب آمدہ ضلع شیخوپورہ رنراپ رہے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب جناب ڈاکٹر احسان صادق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ آئندہ بھی ایسے مقابلہ جات کے ا نعقاد کا سلسلہ جار ی رکھنا چاہئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے اسلاف کی روایات اور تعلیمات پر عمل کرنا ترک کر دیا ہے جوکہ ہمارے قومی زوال کی بڑی وجہ ہے۔ اقوام عالم میں اپنے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہمیں اپنی دینی اور تاریخی ورثے کی پیروی کرنا ہوگی  اپنے ہیروز کی پیروی کرنے سے ہی ہم کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔