سموگ کے خاتمے اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی)بنانے کا فیصلہ

55

لاہور،26اپریل ( اے پی پی ):سموگ کے خاتمے اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی (انوائرنمنٹل پروٹیکشن اتھارٹی)بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کی زیر صدارت سموگ اور ماحول بہتر کرنے کے حوالے سے اجلاس  منعقد ہوا۔اجلاس  سے خطاب میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر موثر عمل درآمد یقینی بنائے گی ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صدارت میں سموگ کابینہ کمیٹی تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے ، ماحول کی بہتری کے لئے وزیراعلی کے وژن پر عمل درآمد کے لئے لیگل فریم ورک بنانے کا کام شروع کردیا ہے، ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کے لئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار  ہے،ماحول کے تحفظ کے لئے خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ کون سا شعبہ سموگ میں کتنے اضافے کی وجہ بن رہا ہے، ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیاجائے گا،سموگ ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع پر کریک ڈاﺅن ہوگا، صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹے بند کررہے ہیں، گاڑیوں کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیاجارہا ہے، زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیاجائے گا، خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفیکشن کا نظام لایا جا رہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کے لئے تمام صنعتوں کو ‘ایمشن کنٹرول سسٹمز’ لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا ہے ۔