ملک میں بیروزگاری اور قرضے عمران خان کی وجہ سے ہیں ؛ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو

12

اسلام آباد،9جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اختیار ولی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  ہے کہ   آج ملک کے عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئےہیں  تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں، آج ملک میں 16 فیصد مہنگائی عمران خان کی وجہ سے ہے، بے روزگاری، تجارتی خسارہ، معاشی تباہی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار بھی عمران خان ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ملک کو تین حصوں میں تقسیم کرنے اور ایٹمی پروگرام چھن جانے کی باتیں کر رہے ہیں، انہوں نے ملک کو بنانا ری پبلک بنانے کی کوشش کی، یہ سپریم کورٹ اور پارلیمان پر حملہ آور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالا پچھلے چار سال منی گالا بنا ہوا تھا جہاں کارٹلز اور مافیا کی جیبیں بھری جا رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ اپنے ورکرز کو تشدد اور فساد پر اکسایا، آج عمران خان اپنے دائیں بائیں جھنڈے رکھ کر عوام کو اپنی جھوٹی کارکردگی بتا رہے ہیں، عوام جس ریٹ پر آٹا خرید رہی تھی وہ سب کو معلوم ہے، شہباز شریف نے آ کر آٹا اور چینی سستے کئے، آج 400 روپے کا 10 کلو آٹا مل رہا ہے۔