ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے لے لیے صنعتی ترقی بہت اہم ہے، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

11

لاہور ، جون 22(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے  وفد نے صدر چیمبر حافظ محمد یونس کی قیادت میں   ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدراحمد علی جبار، نائب صدر منصور احمد اور دیگر اراکین شامل تھےوفد  نے گورنر پنجاب کو بہاولپور چیمبر اور علاقے کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا

ملاقات کے دوران  بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کی جلد تکمیل، سمال انڈسٹریز اسٹیٹ میں علیحدہ الیکٹرک فیڈر کا قیام  اور  لیبر کالونی کے قیام سمیت دیگر مسائل کے بارے میں گفتگو کی گئی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری کو در پیش  مسائل کے حل کے لیے موجودہ حکومت بھر پور کوششیں  کر رہی ہے. جنوبی پنجاب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے. بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی ڈویلپمنٹ سے علاقے میں صنعتی ترقی ہو گی. صنعتیں چلتی ہیں تو معیشت کا پہیہ چلتا ہے جس سے کئی خاندانوں کو روزگار ملتا ہے.۔ بہاولپور اندسٹریل اسٹیٹ کو تیزی سے آگے کی طرف لے کر جائیں گے. بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے لے لیے صنعتی ترقی بہت اہم ہے. بہاولپور انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام بہاولپور کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سابق دور حکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی پہ خصوصی توجہ دی ہے۔ مسلم لیگ ن نے سابقہ دور حکومت میں بہاولپور انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ویٹرنری یونیورسٹی ، سدرن بائی پاس کی تعمیر، رنگ روڈ، جھانگی والا روڈ اور حاصل پور روڈ کو بھی دو رویہ بنانے  میں کردار ادا کیا۔