لاہور، 27 جون ( اے پی پی ): مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 183ویں برسی کی رسومات میں شرکت کے لیے واہگہ کے راستے آئے 420 بھارتی سکھ یاتری بسوں کے ذریعے کرتارپور پہنچ گئے۔ کرتارپور پہنچنے پر یاتریوں کو ہار پہنائے گئے ۔ یاتریوں نے دربار پہنچ کر ماتھا ٹیکا، عبادات اور رسومات کی ادائیگی کے ساتھ یاتری ، رات کرتار پور میں ہی قیام کریں گے۔
اس موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ یاتریوں نے کہا کہ پاکستان سے ملنے والی محبت کو ساری عمر یاد رکھیں گے، بہترین سیکیورٹی اور انتظامات پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
یاتریوں کے لئے درشن استھان میں آرام دہ بسترسجائے گئے ہیں ،تواضع کیلئے مکس سبزی ، پلاؤ ، چنے ،چپاتی، اچار اور چائے تیار کی گئی ہے ۔ ملک کے دیگر حصوں سمیت راہداری کے ذریعے کرتارپور پہنچنے والے یاتریوں نے بھی مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی رسومات میں شرکت کی ۔واہگہ کے راستے آئے یاتری کل صبح واپس روانہ ہونگے ۔











