نبی کریم ﷺ کی ناموس پر ہماری جان بھی قربان ،بھارت کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور

16

اسلام آباد۔13جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ بھارت  میں نبی  کریم ﷺ کی شان میں گستاخی اور وہاں پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف جبر و تشدد پر انسانی حقوق کے علمبرداروں کی خاموشی افسوسناک ہے،  اس سال رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس میں دنیا بھر سے مسلمانوں کو بلا کر   نبی  کریم ﷺ  کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو ٹھوس جواب دیں گے۔  بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی رکن کی جانب سے نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف پیر کوقومی اسمبلی میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے مفتی عبدالشکور نے کہا کہ آقاﷺ کا نام آتا ہے تو پھر اختلافات، تنازعات، تفریق ختم کرکے پوری مسلم امہ حرمت رسول و ناموس رسولﷺ پر جان قربان کرنے کے لئے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انسانی حقوق کے علمبردار آج رسول کریمﷺ کی شان میں گستاخی پر خاموش تماشائی ہیں۔  بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ وہاں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی پورے عالم اسلام کے لئے ایک چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے مسلم دنیا کو اکٹھا کیا اب ان کا نواسہ ان کا پرچم تھامے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف دنیا میں اس مسئلے کو اٹھائیں،  نبی  کریم ﷺ کی ناموس پر ہماری جان بھی قربان ہے۔ بھارت کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔