وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا ملاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن کے جنگلات میں   آتشزدگی سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ

13

پشاور، 15 جون(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں جنگلات کو آگ لگنے کے واقعات کے پیش نظر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بدھ کو یہاں  ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا جہاں انہوں نے  تمام اداروں اور محکموں کو ملوث افراد کے خلاف تحقیقات اور کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔

 اس موقع پر وزیراعلی محمود خان نے  جنگلات کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا اور ان واقعات میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلواکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت جنگلات کے تحفظ اور مزید شجرکاری کے کوشاں ہے، تاہم اہل علاقہ بھی حکومت کے ساتھ مل کر جنگلات کا تحفظ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور تبدیلی کے اثرات کم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات کو عالمی سطح پر پزیرائی ملی ہے، اس لئے جنگلات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔

 وزیراعلی نے ریسکیو آپریشن میں خدمات دینے والے محکموں اور افراد کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید اور زخمی اہلکاروں نے قوم کیلئے قربانی دی جس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔