موجودہ حالات میں بجٹ بظاہر ایک متوازن بجٹ معلو م ہوتا ہے؛صدر آئی سی سی آئی محمد شکیل منیر

18

اسلام آباد،10جون  (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بجٹ بظاہر ایک متوازن بجٹ معلوم ہوتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی میں وفاقی وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں وزیراعظم نے بعض خصوصی اقتصادی زونز کو جلد چالو حالت میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جو خوش آئند ہے کیونکہ اس سے ملک میں صنعتکاری اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موجودہ بجٹ میں بعض اچھے اقدامات لئے ہیں جو قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مشینری و آلات کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے جو قابل ستائش ہے کیونکہ اس سے ہماری زرعت بہتر ترقی کرے گی، زرعی پیداوار بہتر ہو گی اور زرعی مصنوعات باہر سے درآمد کرنے کی بجائے پاکستان ان میں خود کفالت کی طرف بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس تنازعات کے بہتر حل کیلئے اے ڈی آر سی کا نظام لایا جا رہا ہے جس سے ٹیکس دہندگان کے مسائل بہتر انداز میں حل ہوں گے۔

محمد شکیل منیر کے کہا کہ حکومت نے چھوٹے ریٹیلرز کیلئے تین ہزار سے دس ہزار تک فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرا کر  تاجر برادری کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے اور اس سے نہ صرف ٹیکس کی بنیاد کو وسعت ملے گی بلکہ ٹیکس ریونیو بھی بہتر ہو گا۔  انہوں نے کہا کہ حکومت نے امپورٹ سٹیج پر ٹیکسوں کو ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دے کر بھی ایک اچھا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں فارما انڈسٹری کیلئے بھی ٹیکس ریلیف اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔