ملتان، 06 جون (اے پی پی ): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے ریجنل پولیس آفیسر ملتان کے ہمراہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور رمادہ ہوٹل میں کھلاڑیوں کی رہائش پر سیکیورٹی کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ انٹرنیشنل میچز کا ملتان میں انعقاد جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر طرح کے حالات میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 6000 جوان سیکیورٹی پر تعینات ہیں اس کے علاوہ پاکستان آرمی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ ملتان میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کے انعقاد سے عوام کو تفریح کا موقع میسر ہو گا۔ انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک کے نظام کو متاثر نا ہونے دیا جائے بلکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
ڈاکٹر احسان صادق نے کہا کہ اس اہم موقع پر عوام سیکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پر امن ماحول میسر ہو۔
اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر ملتان اور پاکستان آرمی کے اعلیٰ افسران نے سیکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔











