اسلام آباد، 08 جون (اے پی پی ): وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں، پاکستان کے عوام خادمین حرمین شیریفین سے بے پناہ عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیرداخلہ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت کی گئی ۔ سعودی سفیر نے رانا ثناءاللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے تین ارب ڈالررول اوور کرنے پرسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی ناگزیر تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔،وزیراعظم اورانکے وفد کے سعودی عرب دورہ کیلئےانتظامات پربھی سعودی حکومت اورسفارتخانے کے ممنون ہیں۔
وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان میں 2011 میں قتل ہونے والے سعودی سفارتکار حسن القہطانی کے مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے، قتل واقعے میں ملوث تمام مجرمان کے ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں،مجرمان کو پکڑنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب ملکر داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔
سعودی عرب کےسفیرنواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ پاکستان سے اس سال اکیاسی ہزارسے زائد عازمین فریضہ حج ادا کرینگے،رواں سال حج کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں پاکستان کیلئے روڑ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔











