قلعہ سیف اللہ،08 جون (اے پی پی ):اختر زئی کے مقام پر مسافر ویگن گہری کھائی میں گرنے سے 22 مسافر جابحق جبکہ ایک 14 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا ہے ۔مسافر ویگن براستہ اختر زئی لورالائی سے ژوب جارہی تھی کہ حادثہ کا شکار ہو گئی ۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ حافظ محمد قاسم کاکڑنے ریسکیو آپریشن مکمل کرنےکے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر وین میں کل23 مسافر سوارتھے جس میں 22 مسافر موقع پرجانبحق ہو گئے ہیں اور ایک شدید زخمی کو کوئٹہ ریفر کردیا ہے ،جس کی حالت نازک بتائی گئی ہے ، مسافر وین لورالائی سے براستہ اخترزئی قلعہ سیف اللہ ژوب جارہی تھی اور حادثہ صبح آٹھ ساڑھے آٹھ بجے کےوقت پیش آیا، شناخت کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ حافظ محمد قاسم کاکڑنے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ لیویز و پولیس کے جوانوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، ہسپتال انتظامیہ اور مقامی افراد نے امدادی کام میں بھرپور حصہ لیا تاہم دشوار گزار اور پہاڑی علاقے کی وجہ سے ریسکیو کے کام میں کئی گھنٹے لگے ۔











