کوہلو، 27 جون (اے پی پی ):حکومت بلوچستان کے تعاون سے “یوتھ انگیجمنٹ سرگرمیوں”کے تحت انٹر سکول تقریری مقابلوں کا انعقاد گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی قبائلی رہنما میر نثار احمد مری تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر کوہلو قربان مگسی ، ضلعی انتظامیہ کے افسران ، قبائلی عمائدین ،اساتذہ کرام اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
تقریب میں طلباء کے درمیان ملی نغموں اور تقریری مقابلوں کا انعقاد ہوا، طلباء نے معاشرے میں تعلیمی کردار،اہمیت و افادیت اور فنی تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر قربان مگسی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں جدید اور فنی تعلیم کی فروغ وقت کی ضرورت ہے، اساتذہ کرام درس وتدریس کے فرائض کو عبادت سمجھ کر ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت بلوچستان کوشاں ہے۔
ڈپٹی کمشنر قربان مگسی نے کہا کہ “یوتھ انگیجمنٹ سرگرمیوں” کے تحت سکولوں کے طلباء اور نوجوانوں کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں اور مطالعاتی دوروں کے مواقع فراہم کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کا علم اور کتابوں سے محبت کو نہ صرف فروغ ملے گا بلکہ معاشرے کا ذمہ دار شہری ہونے کا احساس ہوگا جو وطن کی تعمیر وترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے،لاہور کے مطالعاتی دورے سے طلباء کے معلومات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری کی ضلع میں جدید اور فنی تعلیم کے فروغ کے لئے کردار قابل ستائش ہے، انہوں نے ہر موقع پر مکمل تعاون کیا ہے اور مثبت اقدامات کو بھرپور سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء کو شام کے اوقات کار میں مفت ٹیوشن سنٹر میں پڑھایا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری میری ہوگی،ان کی اولین ترجیح تعلیمی اداروں میں بہتر سہولیات کی فراہمی ہے تاکہ یہاں کے طلباء زیور تعلیم سے آراستہ ہوں۔
ڈپٹی کمشنر قربان مگسی کہا کہ تکنیکی،سائنسی اورجدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم وقت کی ضرورت بن چکی ہے اس سلسلے میں مختلف سکولوں کو آئی ٹی لیب،سائنس لیب اور شمسی توانائی سے منسلک کردیا ہے جو کہ یہاں کے طلباء کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری کی طرف سے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول کوہلو میں آئی ٹی لیب،سولر سسٹم اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے قائم کردہ ٹیوشن سنٹر کا افتتاح بھی کیا گیا۔











