ملتان،21جون ( اےپی پی): رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہمیں لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے۔یہ دو مہینوں والی حکومت کا کام نہیں ہے۔چند ہفتوں میں معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔عمران خان پٹرو ل اور بجلی کی سبسڈی ختم کرنے کےمعائدے پر دستخط کرکے گئے۔عمران خان کی جان کوکوئی خطرہ نہیں ہے۔عمران خان سے سکیورٹی واپس لے کر ان پیسوں سے لو گوں کو ریلیف دینا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کے ادارے عزیزنہیں ہیں۔اس لئے وہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپئین چلوا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وزرا ءنے بلین ٹری سونامی پروگرام میں اپنی کرپشن چھپانےکے لئے کے پی کے جنگلات میں آگ لگوا دی۔عمران خان جابر اور ظالم حکمران تھا۔جتنی میڈیا پرپابندیاں عمران خان کے دور میں لگیں اتنی تو مارشل لاء میں نہیں لگیں۔عابد شیر علی نے کہا کہ جتنے لوگ عمران خان کے جلسوں میں احتجاج کے لئے ہوتے ہیں اس سے زیادہ تو تھیٹراور سینماء میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت پاکستان کو سیاسی،معاشی اور اخلاقی طورپر مفلوج کرکے گئی۔میں پوچھتا ہوں بتاؤ تمہاری کارکردگی کیا ہے۔عابد شیر علی نے کہا کہ ہم نے ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں پیدا کی۔اور اربوں ڈالرفرسودہ ٹرانسمیشن نظام پر لگایا۔شاہ محمود قریشی کے بیٹے کی لندن میں آف شور کمپنیاں ہیں۔زین قریشی کا ملتان سے الیکشن لڑنا موروثی سیاست کی زندہ مثال ہے۔











