لاہور یکم جولائی ( اے پی پی ): آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کی زیر صدارت پنجاب کے 14 اضلاع کے 20حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سکیورٹی انتظامات بارے خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔اجلاس میں ضمنی انتخابات میں سکیورٹی عملہ کی تعیناتی، الیکشن کمیشن کے عملہ کو سکیورٹی کی فراہمی، امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے بارے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ پولیس کے غیر سیاسی کردار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا افسران و اہلکار اپنے انفرادی عمل کے خود ذمہ دار ہوں گے، کوتاہی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے صوبائی دارالحکومت کے چاروں حلقوں میں لاہور پولیس کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لڑائی جھگڑے، ہوائی فائرنگ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائےپولیس کے امیج کو خراب کرنے والوں سے کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور پرائیویٹ گارڈز کے استعمال پر سو فیصد پابندی ہوگی۔فیلڈ افسران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ضلعی انتظامیہ سے باقاعدگی سے میٹنگز کریں۔امن و امان کے قیام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعین کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔انہوں نے ضمنی انتخابات میں فیلڈ افسران کے کنڈکٹ کی خفیہ نگرانی کے لیے اسپیشل برانچ اور حساس اداروں کو بھی اپنی رپورٹ تیار کرنے کا ٹاسک دیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب ،سی ٹی ڈی حکام ، سی سی پی او لاہورسمیت14 اضلاع کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔











