اوکاڑہ؛ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دوکاندار پر 5 ہزار، ٹائر شاپس پر 5ہزار 500 روپے جرمانہ عائد

12

اوکاڑہ،31جولائی(اے پی پی):انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین دن میں انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے دوکاندار کو 5 ہزار جبکہ ٹائر شاپس کو 5ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔

انسداد ڈینگی کمیٹی کا اجلاس  ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی اقدامات کی اہمیت اس وقت دو چند ہو جاتی ہے جب آپ کے ملحقہ اضلاع میں ڈینگی کےمریض موجود ہوں ہمیں نہ صرف اپنے لوگوں کو اس بیماری سے بچانا ہے بلکہ اس کے ویکٹر کو پھیلنے سے روکنے کے لئے تمام تر توانیاں صرف کرنی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر زاہد پر ویز وڑائچ نے ہدایت کی کہ ویکٹر سر ویلینس کی ذمہ داری ادا کرنے والی ٹیمیں سرکاری عمارتوں خصوصاََدفاتر کی چھتوں،قبر ستانوں، پارکس درختوں کے کھوکھلے تنوں، اشیاء خورونوش کی پیکنگ، کباڑخانوں،سرکاری کوارٹرز،ٹائرشاپس اور کبار مارکیٹ پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے محکمہ ماحولیات میونسپل کار پوریشن اور ڈسٹر کٹ انٹامالوجسٹ کو ہدایت کی کہ وہ مشترکہ ٹیم کے طور پر ٹائر شاپس اور کباڑ مارکیٹوں کا دورہ کریں جو لوگ انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں، جرمانہ کیا جائے اور دوکانوں کو سیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن ٹائر شاپس اور ٹائر مارکیٹوں کے ٹائر باہر پڑے ہوئے ہوتے ہیں ان کو بحق سرکار ضبط کیا جائے۔

 ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ محمد اقبال نے اجلاس کو بتایا کہ اس وقت ایک ہزار 588 ٹیمیں ویکٹرسرویلینس کا کام کر رہی ہیں اور گزشتہ تین دن میں 86 ہزار 446 مقامات کی انفیکشن کی گئی ہے، گزشتہ تین دن میں 132 ڈی وی آر میں 117 کو 24 گھنٹے کے اندر اندر حل کیا جبکہ باقی 36 گھنٹے میں حل کی گئیں۔