جلال پورپیروالہ،18 جولائی (اے پی پی ): بدنام زمانہ کٹو گینگ کا سرغنہ بستی لانگ سے تعلق رکھنے والا غلام محییٰ الدین عرف کٹو ایس ایچ او تھانہ سٹی ارشد محمود بھٹی کے رویے سے متاثر ہوکر گواہوں اور معززین علاقہ کی موجودگی میں مقدس کتاب پر حلف اٹھا کر تمام گناہوں سے توبہ تائب ہوگیا، غلام محییٰ الدین عرف کٹو ماضی میں منشیات فروشی ڈکیتی، چوری، راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے اور اپنے اوپر ہونے والے تمام مقدمات میں عدالت سے بری بھی کیا جاچکا ہے۔
غلام محییٰ الدین عرف کٹو نے کہا کہ گزشتہ روز ایک واردات کی تفتیش کے لئے مجھے پولیس تھانہ سٹی نے تھانے بلایا تو پولیس کا حسن سلوک اور ایس ایچ او ارشد محمود بھٹی کے رویے سے متاثر ہوکر مقدس کتاب پر حلف اٹھا کر آئندہ کے لئے جرائم پیشہ اور منفی سرگرمیوں کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔غلام محییٰ الدین عرف کٹو نے کہا کہ آئندہ محنت مزدوری کرکے ہی اپنے بچوں کو حلال رزق کھلاؤں گا۔
حلف بردار کے والد فدا حسین نے بتایا کہ اپنے بیٹے کے جرائم میں ملوث ہونے پر میں5 سال اپنے بیٹے سے ناراض اور لاتعلق رہا ہوں، ایس ایچ او ارشد بھٹی کی کوششوں سے میرے بیٹے نے ہدایت کا راستہ اختیار کیا ہے جس پر میں اللہ کا شکر گزار ہوں ۔
اس موقع پر دعا توفیق کرائی گئی اور تھانے میں موجود سائلین، معززین علاقہ اور قیدیوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ اورنگزیب خان، ملک خدا بخش گھلو ایڈووکیٹ، محمد خلیل تھہیم ہیڈ محرر تھانہ سٹی محمد عامر صیام و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔











