خیرپور،18 جولائی(اے پی پی): روٹری کلب ڈیٹس ویلی کی جانب سے ضرورت مندوں میں مچھر دانیوں کی تقسیم کی گئی۔ کھجور کی چنائی کا کام کرنے والے ضرورت مند اور غریب خاندانوں میں 200 مچھر دانیاں تقسیم کی گئیں ۔
اس موقع پر روٹری کلب خیرپور ڈیٹس ویلی کے صدر رضوان احمد نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں نے بڑےپیمانے پر پانی کے بہاؤ کے ساتھ پورے ملک میں تباہی مچا دی ہے، جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ملیریا جیسی بیماریاں بھی بڑھ رہی ہیں، مالی بحران کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام کی قوت خرید کو دیکھتے ہوئے روٹری کلب آف خیرپور ڈیٹس ویلی نے ضرورت مند خاندانوں میں 200 مچھر دانیاں تقسیم کیں تاکہ انہیں ملیریا کے ساتھ ساتھ بارشوں کے بعد کیڑوں سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریوں سے بچایا جا سکے۔
اس موقع پر حفظان صحت اور دیگر وائرل اور بیکٹیریل بیماریوں سے بچنے کے دیگر طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جو کہ مون سون کے موسم میں بہت عام ہیں۔ مچھر دانیاں کی تقسیم صدر روٹری کلب آف خیرپور ڈیٹس ویلی رضوان احمد کی قیادت میں کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر سہیل احمد مجیدانو کی سہولت میں عمل میں آئی۔ اس میں زیڈ آر آر روٹریکٹر ممتاز علی بریرو، ڈپٹی ڈسٹرکٹ سیکرٹری روٹیرین اسد رضا ملک، صدر روٹریکٹ کلب آف خیرپور ڈیٹس ویلی روٹریکٹر مقصود میرانی اور سیکرٹری روٹریکٹر اشفاق شامل تھے۔











