رحیم یار خان ؛ڈپٹی کمشنر کا ڈی پی او کے ہمراہ دریائے سندھ ماچھکہ کا دورہ ، کشتی ڈوبنے کی جائے حادثہ پر جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ

11

رحیم یار خان،19جولائی  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سید موسیٰ رضا کا ڈی پی او اختر فاروق کے ہمراہ دریائے سندھ ماچھکہ کا دورہ ،دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے کی جائے حادثہ پر جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ  لیا ۔اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم آسی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عادل رحمٰن نے ریسکیو آپریشن بارے بریفنگ دی ۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی او کے ہمراہ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے گھر جا کر ورثاء سے تعزیت اور مرحومین کے درجات بلندی کی دعا کی۔حکومت اور انتظامیہ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر شریک ہے۔

 ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس سانحہ پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا  حکومت پنجاب نے کشتی ڈوبنے کے حادثہ کی انکوائری کے لئے اعلیٰ سطح پر کمیٹی تشکیل دی ہے ۔  کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے اقدامات کئے جائیں گے ۔