لاہور،19جولائی ( اے پی پی ):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا اس وقت ریسرچ کے جانب بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے ، لیڈر شپ ترقی کے راستے بناتی ہے ،جب تک پاکستانی انڈسٹریز ترقی نہیں کرے گی، تب تک راستے نہیں کھلیں گے ،ملک کی ترقی اور اس کو آگے بڑھانے کے لئے سیاستدانوں کو مل کر کام کرنا ہوگا ، پی آئی اے جب ملک میں شروع ہوئی تو اس نے دنیا کے دوسرے ممالک کے لوگوں کو سکھایا ،وہ آگے بڑھ گئے ،حکومت کسی کی بھی ہو ملک کی ترقی کے لئے اچھی پالیسیاں جاری رکھنی چاہئے ۔
وہ منگل کے روز ایکسپو سینٹر میں پاکستان کیمیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان کیمیکل ایکسپو کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں مستند ریسرچ کی طرف جانا ہے ،مختلف شعبوں میں قابل اطلاق ریسرچ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس چیز کی مارکیٹ کو ضرورت نہیں تو اس کی پاکستان کو بھی ضرورت نہیں ،جو کام کرنے کے ہیں ہم وہ کریں، ریسرچ کے لیے یونیورسٹیوں سے ہاتھ ملائیں، یونیورسٹیوں کے سینڈیکیٹ میں مارکیٹ کے لوگوں کو شامل کرنا چاہئے اور یونیورسٹیوں کو ایڈوائزری باڈی بنا کر مارکیٹ کے ساتھ رابطہ رکھنے چاہئے تاکہ ایکسپورٹ بڑھائی جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط فیصلہ سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، آج کل مصنوعی انٹیلی جنس کا دور ہے اس کو بروئے کار لاکر کئے کیمیکل سیکٹر میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔ڈاکٹر عارف علوی نے ریسرچ کے حوالے سے انڈسٹریل سیکٹر پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹیوں سے رابطہ رکھے تاکہ انہیں مارکیٹ کے لیے بہترین افرادی قوت میسر ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر طرح کی مدد کے لیے ان کے ساتھ ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اس وقت ریسرچ دنیا میں تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے، پاکستان میں ریسرچ کی کمی ہے ، آگے بڑھنے کے لئے اس پر فوکس کرنا ہوگا، ملک کے اندر کیمیکل انڈسٹریز کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں ہمیشہ سے ریسرچ کے حوالے سے دلچسپی رہی ہے، ہندوستان فارماسوٹیکل اور کیمیکل انڈسٹری میں بہت آگے نکل گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہر فیلڈ کے اندر زوال کی روداد کو سمجھتے ہوئے ہمیں اس کا تدارک کرنا ہو گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ انہیں اخبارات میں ریکوڈک جرمانہ بارے پڑھ کر افسوس ہوا ہے کہ اس کمپنی کو جرمانہ دینا ہے، جس نے ابھی کام شروع ہی نہیں کیا ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا اخلاقی قدروں کو دیکھتی ہے ،ہمیں پہلے ایک اچھی قوم بننا ہوگا۔انہوں نے پاکستان کیمیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے مذکورہ منعقدہ ایکسپو کانفرنس کے اقدام کو سراہا ۔ مذکورہ کانفرنس میں فارماسوٹیکل ،انجینئرنگ ،ٹیکسٹائل ،کیمیکل سمیت دیگر درجنوں انڈسٹریز کے اسٹال لگائے گئے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر جانگیر پراچہ ، وائس چیئرمین ہارون علی خان ،ایگزیکٹو کمیٹی ممبران ، آرگنائزنگ کمیٹی ممبران ، اینگرو انرجی سی ای او یوسف صدیقی ، کیمیکل انڈسٹری ،ٹیکسٹائل انڈسٹری کے نمائندوں سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے ۔











