رینالہ خورد،19جولائی(اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے مون سون سیزن کے پیش نظر یونیورسٹی میں ڈینگی مکاؤ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے پورے کیمپس کا دورہ کیا اور انتظامی عملے کو یونیورسٹی میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
ڈینگی مہم کے مقاصد بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی لاروا عموماً کوڑے دانوں اور مختلف جگہوں پہ رکھے ہوئے دیگر برتنوں میں پانی جمع ہونے اور کھڑے رہنے سے افزائش پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے خاتمے کا بہترین حل یہ ہے کہ ایسی جگہوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے اور پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔
وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ ہمارا مقصد نہ صرف کیمپس بلکہ ارد گرد کے ملحقہ علاقوں سے ڈینگی کی بیماری کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔











