مری،24جولائی(اے پی پی):ویک اینڈ کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد نے ملکہ کوہسار مری کا رخ کیا۔سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
اس حوالے سے سی ٹی او نوید ارشاد نے کہا کہ ڈی ایس پی ٹریفک مری ڈاکٹر آصف کمال جوانوں کے ساتھ ملکر ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ جی پی او چوک اور گردونواح میں پیدل لوگوں کے رش اور پارکنگ کی کمی کے باعث ٹریفک کا دباو ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے غیر معمولی رش کے باوجود کسی جگہ ٹریفک کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔ نو پارکنگ کے خاتمہ اور لین و لائن کی پابندی پر عملدر آمد کےلئے پیٹرولنگ ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
سی ٹی او نوید ارشاد نے کہا کہ تنگ سڑکوں او دو طرفہ ٹریفک چلنے کے باوجود ٹریفک اہلکار بھر پور حکمت عملی اپنائےہوئے ہیں۔پارکنگ کی کمی کے باعث سیاحوں کی اضافی گاڑیوں کو سنگل لائن میں پارک کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاح حضرات سے گزارش ہے کہ دوران ڈرائیونگ ڈبل لائن بنانے او ر غلط پارکنگ سے گریز کریں۔ دور دراز سے آنے والے سیاح رش کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مری کا سفر کریں اور مری کی صورتحال کے متعلق FM.88.6اور سوشل میڈیا پیجز سے آگاہی لیں۔