صوبائی حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8لا کھ روپے مالی امداد دے گی؛وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی

33

لاہور،31جولائی  (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8لا کھ روپے مالی امداد دے گی۔گھروں، فصلوں او رمویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت بھی کی جائے گی، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سب سے پہلے ریسکیو 1122کا عملہ پہنچا۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت اتوار کے روز سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر ومرمت کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیاجائے۔انہوں  نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچائو کی ویکسین بھی لگائی جائے جبکہ سانپ کے کاٹنے اور ہیضہ سے بچائو کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں نیز سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیاجائے۔ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کمشنر،ڈپٹی کمشنرز،آر پی اوز اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے سا تھ ملکر متاثرین کی دادرسی کیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں ۔ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز سے ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں ۔انہوں نے کہا کہ میں خود بھی جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کوتنہا نہیں چھوڑیں گے۔

سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد،اراکین اسمبلی سردار محمد خان لغاری، سیف الدین کھوسہ، جاوید اخترلنڈ، محی الدین کھوسہ، عامر نواز چانڈیہ،ثنا اللہ خان مستی خیل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمدخان بھٹی،سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سلمان غنی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری صحت،ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروسزاور متعلقہ حکام نے اجلا س میں شرکت کی۔