ملتان، 17 جولائی (اے پی پی): پی پی 217 (ملتان) میں اتوار کو ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان شروع ہو گیا ہے۔اس حلقے میں 115,158 مرد اور 101,838 خواتین سمیت 216,996 ووٹرز مختلف امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو اپنی پسند کے امیدواروں کی حمایت میں ووٹ کا حق استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 124 پولنگ اسٹیشن بنائے۔ تاہم مسلم لیگ ن کے امیدوار سلمان نعیم اور پی ٹی آئی کے مخدوم زین حسین قریشی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
عام انتخابات 2018 میں آزاد امیدوار سلمان نعیم نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی کو شکست دی تھی۔ اب سلمان نعیم مسلم لیگ( ن )کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ حلقے کی اکثریت شہری علاقوں پر مشتمل ہے۔ تاہم شہر کے کچھ ملحقہ علاقے بھی اس حلقے کا حصہ ہیں۔
حلقے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔حلقے میں 2700 سے زائد قانون نافذ کرنے والے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
شہر پر بادل منڈلانے سے موسم کی صورتحال انتہائی خوشگوار ہے۔ موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے ووٹرز کا ٹرن آوٹ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔











