عمران خان آٹھ سال سے فارن فنڈنگ کا جواب نہیں دے رہے ہیں؛ رہنما مسلم لیگ ن  محمدزبیر  

4

اسلام آباد،30جولائی  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء محمدزبیرنے کہاہے کہ عمران خان آٹھ سال سے فارن فنڈنگ کا جواب نہیں دے رہے ہیں ۔ عمران خان کوفارن فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا، فنانشل ٹائمز کی سٹوری   فارن فنڈنگ کاایک چھوٹاسا حصہ ہے، حضرت عمرفاروق کی چادرکی مثالیں دینے والا عمران خان خوداحتساب کیلئے تیارنہیں ہے،  عمران خان سے فارن فنڈنگ کا سوال  کریں گے اور باربار کریں گے۔

 ہفتہ کویہاں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما محمدزبیرنے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس   8 سال سے الیکشن کمیشن میں پڑاہے  تاکہ عمران خان اورپی ٹی آئی اس کاجواب دیں، یہ ایک سادہ کیس ہے، باہرسے پیسے آئے ہیں اورملکی قانون کے مطابق ان پیسوں کے زرائع اورماخذ بتانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ  یہ کیس مسلم لیگ ن یاپی پی پی نے نہیں بلکہ اکبرایس بابر نے فائل کیاتھا جومسلم لیگ ن کے بانی رکن ہے، اکبرایس بابرنے 2014 میں یہ کیس فائل کیا اورشواہدپیش کئے جس میں واضح طورپربتایاگیاتھا کہ کونسے زرائع سے کون سے اکاونٹس میں کتنے  پیسے آئے تھے اوران میں سے کتنے ڈکلئیرکئے گئے اورکونسے ڈکلئیرنہیں کئے، ملکی قانون کے مطابق تمام پیسوں کے زرائع اوران منتقل ہونے والی اکاونٹس کوڈکلئیرکرنا ضروری ہے۔

محمدزبیر نے کہا کہ عمران خان  سب سے زیادہ سچے اورایماندارہونے کادعوی کرتے ہیں، سب پرانگلی اٹھاتے ہیں، الزام لگاتے ہیں کہ فلاں نے حساب نہیں دیا فلاں نے رسیدیں نہیں دیں۔ ہم ان سے کہتے ہیں کہ جناب آپ اپنا حساب تودیں لیکن وہ کبھی ہائیکورٹ بھاگتے ہیں اورکبھی الیکشن کمیشن میں کارروائی رکواتے ہیں، کبھی سپریم کورٹ بھاگتے ہیں، اس عمل میں 8 سال گزرگئے ہیں۔