جہلم،08جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے اناڑی ڈرائیور کی طرح معیشت کی گاڑی ہر موڑ پر ٹکرا دی ہے۔
جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کی ساری سیاست جھوٹ، منافقت اور بہتان پر مبنی ہے لہذا یہ کبھی خیر نہیں پا سکے گا، دوسروں کی کردار کشی کرنے والا عمران نیازی آج اپنے کرتوتوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ماں ہے اور ماں کبھی بھی اپنے بچے کو قتل ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاسی ساکھ کو دائو پر لگا کر پاکستان کو بچانے کی سیاست کی ہے،2018ء میں عمران نیازی نے سازش کے ذریعے پنجاب کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا تھا اور ایک نالائق وزیراعلی پنجاب پر مسلط کر دیا، اب پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت واپس آئی ہے اور آتے ہی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام شروع کر دیئے ہیں۔











