فیصل آباد؛ پی پی 97 چک جھمرہ میں  ضمنی الیکشن کے حوالے سے پاک فوج، رینجرزاورپولیس کا  فلیگ مارچ

12

فیصل آباد، 16   جولائی  (اے پی پی): فیصل آباد میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 چک جھمرہ میں   اتوار کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن کے حوالے سے شہریوں میں تحفظ کے احساس کو مزید تقویت اور شرپسند عناصر کو واضح پیغام دینے کیلئے  پاک فوج، رینجرزاورپولیس کے جوانوں کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیاجبکہ اس موقع پرایس ایس پی آپریشن نے پی پی 97 میں سکیورٹی پلان بارے بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ الیکشن کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جائے گی  اورکسی بھی شرپسندی پر سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بعدازاں پاک آرمی کے افسران نے جھمرہ کنٹرول روم کا دورہ کیاجہاں سیکٹر کمانڈرستلج رینجرز ظفر جمالی کو سیکورٹی پلان بارے بریفنگ بھی دی  ۔

پولیس ترجمان  کے مطابق  فلیگ مارچ کا مقصدعوام الناس اور ووٹرز کو یہ پیغام دینا ہے کہ  پاک فوج، رینجرزاورپولیس ضمنی انتخاب کے پر امن انعقاد کے حوالے سے پر عزم اور ہر قسم کے نا مساعد حالات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔