لاہور؛ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت اجلاس، قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

15

لاہور، 15جولائی ( اے پی پی ): قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو شایان شان منانے کے حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری انفارمیشن و دیگر افسران اور پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کو قومی یکجہتی اور یگانگت کے فروغ کا یادگار موقع بنایا جائے۔ تقریبات میں پنجاب بھر کی تمام ثقافتوں کے رنگوں کو شامل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ  ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پنجاب بھر میں 13 سے 18 اگست تک سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا ۔تقریبات کی مناسبت سے ڈاکیومنٹریز، فلمیں اور ڈرامے بنائے جائیں گے۔ پاکستان بھر کی اقلیتوں ، معزوروں اور مزدور طبقے کو تقریبات کا حصہ بنایا جائیگا۔

 انہوں نے کہا کہ ڈھول، بھنگھڑا، موسیقی ، روائیتی کھانوں کے سٹالز اور براہِ راست سٹیج پرفامنسز تقریبات کا حصہ ہونگی، یوم آزادی کی مناسبت سے قومی نغمے کی لانچنگ ہو گی جبکہ  تمام سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ خان سنبلنے کہا کہ  استاد راحت فتح علی خان اور سائرہ نسیم ملی نغمے پیش کریں گے جبکہ  میوزیکل اور غزل نائٹ کا اہتمام کیا جائیگا۔ پینٹنگز ، ملی نغموں اور کیلی گرافی کے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام محکمے بھرپور انداز میں ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کو منائیں گے۔