مظفرگڑھ ، جولائی(اے پی پی):عوام میں بھائی چارے رواداری اور مذہبی ہم آہنگی پید ا کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کے زیر اہتمام فیاض پارک میں ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے تمام مسالک کے علماء و مشائخ اور عوام کے ساتھ عید الاضحی کی نماز ادا کی اور اتحاد و یکجہتی کا عملی نمونہ پیش کیا، مولانا عبدالمعبود آزاد نے قربانی کے فلسفے اور اتحاد و اتفاق پر روشنی ڈالی اور عید نماز کی امامت کرائی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن طارق ولایت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کیپٹن شاہ رخ چیمہ، سمیت، سرکاری محکموں کے افسران و اہلکار، معززین علاقہ اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی،سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں مظفرگڑھ میں چھوٹی بڑی مساجد، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور کھلی جگہوں پر عید کے اجتماعتت ہوئے جہاں علماء کرام نے اپنے اپنے خطبات میں سنت ابراہیمی اور قربانی کے فلسفے پر روشی ڈالی اور ملک وقوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ قربانی کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں کی فوری تلفی کیلئلے میونسپل کمیٹی کی طرف سے بہترین انتظامات کئے گئے تھے، سٹرکوں کے اطراف چونا ڈالا گیا، ٹریکٹر ٹرالیوں کی مدد سے آلائشوں کو شہر سے باہر پھینکنے کے انتظامات کئے گئے تھے، علاوہ ازیں شہریوں میں جانوروں کی آلائشوں کیلئے شاپنگ بیگ بھی تقسیم کئے گئے تھے۔میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو ڈپٹی کمشنر اور مظفرگڑھ کی عوام نے سراہا ہے۔











