ملتان، 27 جولائی(اے پی پی ): جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کے لئے متحرک ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر کی ہدایت پر محکموں کو موصول ہونیوالی عوامی شکایات پر پیش رفت کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے۔اس سلسلے میں سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن جنوبی پنجاب نوشین ملک کی زیر صدارت شکایات کا سٹیٹس جاننے کے لئے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کے فوکل پرسنز نے شرکت کی۔
سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نوشین ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام محکموں میں پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پورٹل پر آنیوالی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، اس بارے شکایات کے ازالہ میں تاخیر بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے سامنے آنیوالی شکایت پر متعلقہ محکمہ فوری نوٹس لے اور تمام محکمے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اجلاس میں گزشتہ تین ماہ میں مختلف محکموں کو پاکستان پورٹل پر آنیوالی شکایات کا جائزہ لیا گیا اور صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ،بورڈ آف ریونیو، لائیو سٹاک اور دیگر محکموں کو موصول شکایات کا سٹیٹس چیک کیا گیا۔ڈپٹی سیکرٹری علی عاطف ،سیکشن آفیسرز محمد احمدخان، وجیہہ رسول اور اسد اللہ شہزاد اجلاس میں موجود تھے۔











