ملتان؛  محکمہ سپیشل ایجوکیشن  کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد

17

ملتان،  2 جولائی (اے پی پی): محکمہ سپیشل ایجوکیشن ملتان کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔جس کی قیادت ڈی ای او سپیشل ایجو کیشن ملتان میاں محمد ماجد، مرکزی صدر ایپکا چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا، سماجی رہنما صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم اور سماجی رہنما رشید عباس خان نے کی۔

 اس موقع پر ڈی ای او سپیشل ایجو کیشن میاں محمد ماجد اور سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ شعور و آگہی کے ذریعے ہی ڈینگی کا تدارک ممکن ہے، اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے ،زمین پر صاف پانی کا ٹھہراو ڈینگی کی افزائش کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کے برتن، ٹینکی، ڈرم اور کولر وغیرہ کو خشک رکھیں جبکہ چھتوں، پودوں کی کیاریوں اور ٹائروں وغیرہ میں پانی جمع نہ ہونے دیں یہ وہ طریقہ عمل ہے جس کے ذریعے ہم ڈینگی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔

اس موقع پرمرکزی صدر ایپکا چوہدری خالد جاوید سنگھیڑا اور سماجی رہنما رشید عباس خان  نے کہا کہ ڈینگی جان لیوا مرض ہے اگر اس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جاتی تو انسانی اموات کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچائو صرف اور صرف احتیاط سے ممکن ہے، اپنے گھروں کو صاف رکھنا ہے اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہیں ہونے دینا ہے۔