ملتان، 30 جولائی (اے پی پی ): ضلعی امن کمیٹی میں تمام مسالک علماء کرام نے امن کے فروغ پر اتفاق کیا ہے اور محرم الحرام کے موقع پر مثالی بھائی چارے و مذہبی رواداری کا پیغام عام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی صدارت میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر ایک پلیٹ فارم پر ہیں، حساس جلوسوں اور مجالس پر امن کمیٹی کے ارکان موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرکے بھائی چارے کا کلچر فروغ دینا ناگزیر ہے،انتہاء پسندی کے خلاف قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
سی پی او خرم شہزاد حیدر نے کہا کہ جلوس اور مجالس کے مقررہ اوقات کار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، حساس مقامات پر سکیورٹی کیمروں سے کڑی سکریننگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور سول سوسائٹی شرپسند عناصر کی حوصلہ شکنی کریں۔
اجلاس میں علماء کرام اور تاجر برادری نے قیام امن کیلئے بھرپور کاوشوں کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر بھی شریک ہوئے اور سید علی رضا گردیزی ،مظہر گیلانی،مزین چاون،زاہد بلال قریشی،سید غوث انور گیلانی،سلیم بلالی عطاری ،عنایت اللہ رحمانی مولانا عبد الحق مجاہد،مولانا حفیظ اللہ شاہ مہروی شریک ہوئے اور علامہ انوار الحق مجاہد،خاور حسنین بھٹہ،مفتی محمد عثمان پسروری،ایوب مغل،آصف اخوانی،سید محمد محسن،عبدالرحیم گجر،حافظ فاروق خان سعیدی بھی شریک ہوئے اور مظہر جاوید،اصغر عباس نقوی،ڈاکٹر صدیق خان قادری،عزیز الرحمن انصاری،ظفر اقبال صدیقی،عمران مصطفیٰ کھوکھر بھی شریک تھے ۔