وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا سیف سٹی پشاور پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار

31

پشاور۔26جولائی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن پر کام کی سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایکسیئن اور ایس ڈی او کو فوری معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مانیٹرنگ اینڈ ایوالویشن رپورٹ کی روشنی میں محکمہ کھیل کے متعلقہ حکام کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے سیف سٹی پشاور پراجیکٹ پر عملدرآمد میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے متعلقہ اعلیٰ حکام کا خصوصی اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز مختلف شعبہ جات میں میگا ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 30 کلومیٹر طویل دیر موٹر وے کی تعمیر کے لیے زمین کی خریداری کے لیے انتظامی منظوری دے دی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے تمام انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت کی ہے کہ جن منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ہسپتالوں، کالجوں اور سکولوں کے منصوبے 75 فیصد مکمل ہونے پر ان کے لئے عملے کی بھرتی اور آلات کی خریداری کا عمل بیک وقت شروع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے  پاس وقت کم ہے اور حکومت نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے،عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی مقررہ وقت میں  تکمیل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ انتظامی سیکرٹری سے سخت باز پرس ہوگی، اس سلسلے میں انتظامی سیکرٹریوں کو عوامی توقعات کے عین مطابق کارکردگی دکھانی ہوگی۔