ملتان، 20جولائی (اے پی پی ): ضلعی آفیسر بہبود آبادی ملتان ملک آفتاب اعوان نے کہا ہے کہ وسائل اور آبادی میں توازن ترقی اور بہتر سہولیات کا ضامن ہے، دنیا کی آبادی اس وقت 8 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، بعض ممالک وسائل اور آبادی میں عدم توازن کا شکار رہتے ہوئے مختلف مسائل کا شکار ہیں۔
عالمی یوم آبادی کے حوالہ سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ خصوصی نشست میں ملک آفتاب اعوان نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کی شرح کم کرنے میں محکمہ بہبود آبادی کی کوششیں بار آور ثابت ہو رہی ہیں اور اب شہری کے ساتھ دیہی آبادی میں بھی لوگ نہ صرف بہبود آبادی پروگرام کی طرف راغب ہیں بلکہ وہ اس پروگرام کے تحت محکمہ بہبود آبادی کی طرف سے دی جانے والی سہولیات سے بھی استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی آبادی 2017 کی مردم شماری کے مطابق 47 لاکھ سے زائد ہے۔
ضلعی آفیسر بہبود آبادی کے کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی لوگوں تک بات پہنچانے کے لیے تمام تر ذرائع جن میں پرنٹ ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سمیت کیبل نیٹ ورک بھی شامل ہیں کو بروئے کار لا رہا ہے جس کی وجہ سے محکمہ کی ترغیبات کو پذیرائی مل رہی ہے اس حوالہ سے علمائے کرام کی خدمات بھی محکمہ کو حاصل ہیں جو مذہبی اعتبار سے لوگوں کی راہنمائی کرنے میں معاون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی بدولت محکمہ بہبود آبادی کے پیغام کو عام کرنے میں مدد حاصل ہے۔
انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے عالمی یوم آبادی کے حوالہ سے ہفتہ بہبود آبادی منایا جارہا ہے جس میں ماں اور بچہ کی صحت، بہبود آبادی، کے موضوعات پر سیمینار سمیت بچوں میں مقابلہ صحت کے پروگرام شامل ہیں۔
تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ٹیکنیکل بہبود آبادی ڈاکٹر مسز عفت عمر نے محکمہ کی طرف سے زچہ بچہ کے علاج معالجہ سمیت مانع حمل سہولیات بارے تفصیلی آگاہی دی۔ محکمہ اوقاف کے خطیب مولانا کاشف نے دینی احکامات کے حوالہ سے معلومات فراہم کیں۔ بہبود آبادی کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ٹریننگ ملک حسن نے بہبود آبادی کے تربیتی طریقہ کار سے آگاہی دیتے ہوئے تیزی سے بڑھتی آبادی کے نقصانات اور ان پر قابو پانے بارے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔











