پاکستان ایک اہم اسلامی ایٹمی قوت ہے، اگر پاکستان کو کمزور کیا گیا تو یہ عالم اسلام و عالم اقوام کیلئے کسی صورت درست اقدام نہ ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان

8

فیصل آباد،  10  جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ گزشتہ چار سال ملک پر نااہل ٹولہ مسلط رہا جس نے ملکی معاشی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کی بجائے اپنی تمام توجہ صرف اور صرف مخالفین کو کچلنے اور ان کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر مرکوز رکھی اس طرح عمران خان نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیاتاہم پاکستان اس وقت معاشی حوالے سے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے اسلئے پاکستان کو اگر کمزور کردیا گیا تو اس کے اثرات بہت برے ہوں گے لہٰذا آئی ایم ایف کو چاہیے کہ وہ فوری معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچائے کیونکہ ہم نے تو آئی ایم ایف کی وہ شرائط بھی مان لیں جن کی ہم مخالفت کرتے تھے اور ہم نے مشکل فیصلوں سے اپنی جماعت کیلئے بھی کئی مسائل کھڑے کرلئے لیکن سیاست پر ریاست کو ترجیح دی کیونکہ اگر ہم موجودہ ابتر معاشی صورتحال میں آئی ایم ایف کی شرائط کو نہ مانتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا لہٰذا اب آئی ایم ایف کو بھی چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے کیونکہ پاکستان ایک اہم اسلامی ایٹمی قوت ہے اسلئے اگر پاکستان کو کمزور کیا گیا تو یہ عالم اسلام و عالم اقوام کیلئے کسی صورت درست اقدام نہ ہوگا۔

وہ اتوار کی صبح فیصل آباد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعداپنے ڈیرہ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک زیرو سبسڈی کا معاہدہ کس طرح کرسکتا ہے کیونکہ عوامی حالت کو بھی مدنظر رکھنا ہوتا ہے اسی لئے ہم الیکشن کی جانب نہیں گئے تاکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، مصدق ملک سمیت دس پندرہ انتہائی تجربہ کار معاشی و اقتصادی ماہرین کی ٹیم موجود ہے جو دن رات وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میںملکی معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی لانے اور کم آمدنی والے افراد سمیت تمام عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں اچھے بیوروکریٹس کی بھی مکمل معاونت ورہنمائی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا ہے اس پر آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا کر اور ہماری ناک سے لکیریں نکلواکر بھی خوش نہیں ہوا اور اس کی شرائط پوری نہیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے زیرو سبسڈی کی شرط مانی لیکن اگر اس پر عمل کرتے ہوئے زیرو سبسڈی پر ملک چلایا جائے تو غریب تو مر جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹرول بڑھایا اور کئی مشکل اقدام اٹھائے لیکن آئی ایمایف پھر بھی نہیں مان رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم مشکل فیصلہ کرکے فوری الیکشن کی بجائے حکومت کی طرف نہ جاتے اور ملک کو کیئر ٹیکرز کے حوالے کردیتے تو یہ ہمارے لئے آسان تھا لیکن اس سے ملک دیوالیہ ہوجاتا اور اس کا حال سری لنکا جیسا ہوتالیکن ملک کے خیر خواہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل فیصلے کرنے چاہئیں لہٰذااس لمحہ ہم نے سیاست کو ایک طرف رکھا اور ریاست کو بچایااور مشکل فیصلوں کی طرف گئے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے پر مسرت موقع پر وہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ امن و امان کے سلسلہ میں ہم نے بہتری لائی ہے اور مزید بہتری لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان جو اسلام آباد جاکر لاشیں گرانا اور فتنے فساد پھیلانا چاہتا تھا ہم نے اس کا شافی علاج کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پاگل شخص کو یہ تک معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کس کے ہاتھ استعمال ہورہا ہے وہ اسلام آباد میں آگ لگانا چاہتا تھا جس کو روکنے کا کریڈٹ تمام جماعتوں کو جاتا ہے جس کے بعد اب ہم امن و امان کو اور بہتر کریں گے۔