پاکستان والی بال فیڈریشن کے چئیرمین کی پریس کانفرنس،اولمپکس کھیلوں میں والی بال ٹیم کو پہنچانا ہمارا ٹارگٹ ہے،چوہدری محمد یعقوب

7

 

اسلام آباد،20 جولائی (اے پی پی): پاکستان والی بال فیڈریشن کے چئیرمین چوہدری محمد یعقوب نے کہا کہ اولمپکس کھیلوں میں والی بال ٹیم کو پہنچانا ہمارا ٹارگٹ ہے، کوشش ہے کہ شکاگو اولمپکس 2028میں پاکستان کوالیفائی کرے، پہلی ترجیح ایشین لیول پر ٹاپ پوزیشن پر لانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  چوہدری محمد یعقوب نے  پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 220ممالک میں پاکستان کی اسوقت عالمی درجہ بندی 39ویں نمبر پر ہے،پاکستان تھائی لینڈ میں آئندہ ماہ ہونیوالی اے وی سی کپ میں حصہ لے گا،بحرین میں آئندہ ماہ ایشین جونئیر والی بال چیمپئین شپ منعقد ہوگی اور کہا کہ پاکستان جونئیر والی بال ٹیم 22اگست سے شروع ہونیوالی چیمپئین شپ کا حصہ ہوگی،اسلامک گیمز میں پاکستان کی سینئر ٹیم ایکشن میں دکھائی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کو فنڈز جاری کرنے کیلئے خط لکھا ہے اور کہا کہ رواں سال نومبر میں سینٹرل ایشیائی ممالک کا ٹورنامنٹ منعقد کروا رہے ہیں،ایران، قازقستان، بھارت سمیت دیگر ممالک ٹورنامنٹ میں حصہ لینگے اور آئندہ سال ہونیوالی ایشین والی بال چیمپین شپ کی میزبانی کیلئے بھی بڈ کرینگے،پاکستان میں پہلی بار پروفیشنل والی بال لیگ شروع کروا رہے ہیں جو کرکٹ کے بعد پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی لیگ ہوگی،والی بال لیگ میں چھ شہروں کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی،ہر ٹیم میں دو غیر ملکی کھلاڑی شامل ہونگے اور کہا  والی بال کھیل کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں۔