پاک آرمی کا جوان رانا نعمان شہید فوجی اعزاز کے ساتھ  سپردِ خاک

13

مظفرگڑھ، 22 جولائی(اے پی پی): مظفرگڑھ کا ایک اور سپوت دھرتی ماں پر قربان،شہید کی آبائی قبرستان میں تدفین،ہزاروں افراد کی نماز جنازہ میں شرکت۔مظفرگڑھ کے نواحی قصبہ شاہجمال کے رہائشی رانا محمد فرمان کا نوجوان بیٹا پاک آرمی کا جوان رانا نعمان عرف راجو  ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے گزشتہ روز شہید ہو گیا تھا،شہید کی نماز جنازہ گزشتہ شام گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول شاہ جمال میں ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں پاکستان آرمی کے جوانوں اور آفیسران کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی مرحوم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ  ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔آرمی کے چوک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ آرمی آفیسرز نے  قبر پر پھولوں کے گلدستے رکھے اور قومی پرچم لہرایا ۔

اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ شاہ جمال  علی عمران عباسی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موجود تھے، نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔