ملتان،02 جولائی (اے پی پی): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمہ کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ڈینگی مچھر کی افزائش کی جگہوں کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ڈینگی ڈے کے انعقاد پرآگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ ماحول، دفاتر، گھروں، پانی کے ذخائر وغیرہ کی صاف رکھیں تاکہ موسم برسات میں ڈینگی مچھر اور وائرس پرورش نہ پا سکے۔انہوں نے کہا کہ تما م شرکاء دوسرے لوگوں تک پیغام پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ اس سیمینار کے اغراض ومقاصد عوام الناس تک پہنچ سکیں۔
ثاقب علی عطیل نے کہا کہ اپنے ماحول کو حفظان صحت کے مطابق رکھنے سے نہ صرف ڈینگی بلکہ دیگر بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مون سون کا موسم ڈینگی کی افزائش کیلئے انتہائی سازگار ہوتا ہے۔اس دوران تمام سیکشنل ہیڈز اپنے دفاتر،سرکاری رہائشی کالونیوں اور اردگردمقامات پر اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں اور ہفتہ وار خصوصی صفائی کو معمول بنائیں تاکہ ڈینگی سے تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔
اس موقع پر ماہرین نے شرکاء کو ڈینگی مچھر سے متعلق مکمل بریفنگ دی۔انہوں نے اپنے لیکچرمیں بتایا کہ ڈینگی مچھر کے انڈوں اور لاروؤں کو ختم کرنے کیلئے فالتو چیزوں کوضائع کر دیں۔کسی بھی چیز،برتن یا جگہ میں رکا ہوا پانی خشک کریں۔گیلی یا پانی والی جگہوں پر ریت یا مٹی ڈالیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی سے متاثرہ شخص کے جسم اور سر میں درد رہتا ہے، وقفہ وقفہ سے بخار بھی رہتا ہے۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ پرانے ٹائر،بیٹریاں، ریفریجریٹر کے ٹرے، بے آباد جگہوں،ٹوٹے برتنوں، کھانے پینے کی اشیاء کے ریپر اور چھتوں پر موجود دیگر ٹوٹا پھوٹا کاٹھ کباڑ بھی صاف کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ بھی ڈینگی کی افزائش میں مدد گار ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ زیادہ دیر تک کھڑا پانی مچھر کی افزائش گاہ بن سکتا ہے۔
بعد ازاں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر قیادت واک کا اہتمام کیا گیاجس کا مقصد انسداد ڈینگی کے اقدامات بارے عوام میں شعور اُجا گر کرنا تھا۔











