اوکاڑہ،2 جولائی(اے پی پی): پنجاب حکومت کی ہدایت پرڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑاۂچ کی زیر صدارت یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں انسداد ڈینگی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق تھے۔
ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق ،ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑاءچ نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کا پھیلاءوروکنے کے لئے ہمیں اجتماعی کاوشوں اور اپنے سماجی رویوں میں تبدیلی کی از حد ضرورت ہے، اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ہر شخص کو ایک ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے، ہمیں خود بھی انسداد ڈینگی اقدامات پر عمل پیرا ہونا ہے اور اپنے ارد گرد بسنے والے لوگوں کو بھی انسداد ڈینگی اقدامات سے متعلق آگاہی دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروہ کو پھلنے پھولنے سے روکنے میں صفائی کی اہمیت سب سے زیادہ ہے، ہمیں اپنے گھروں ، دفاتر ،محلوں ، تعلیمی اداروں کو صاف ستھرا اور خشک رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی آگاہی مہم میں اساتذہ اور طالب علم ایک رول ماڈل کے طور پر کام کریں تاکہ اس خطرناک وائرس سے ہم اپنے لوگوں کو بچا سکیں ۔
ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات اور کی جانے والی کاوشوں ،سرکاری اداروں کی جانب سے خصوصی صفائی ستھرائی کے اقدامات ،ویکٹر سرویلینس کے لئے کئے جانے والے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات ،کباڑ خانوں ،ٹائر مارکیٹوں اور قبرستانو ں میں مچھروں کی بریڈنگ کے مقامات کو تلف کرنے کے لئے خصوصی مہم کے ساتھ ساتھ ضلع کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹ ،علاج معالجہ کے لئے خصوصی وارڈ کے قیام اور پنجاب حکومت کی جانب سے انسداد ڈینگی کے لئے خصوصی اقدامات سے متعلق بتایا ۔
ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسداد ڈینگی اقدامات پر عمل در آمد کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اپنے حلقہ میں لوگوں کو آگاہی دیں گے، لوگوں کو اپنے گلی محلوں میں صفائی اور گھروں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق بھی بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحثیت قوم اس مرض کے خاتمہ کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔
اس موقع پر شعبہ زوالوجی کے سربراہ پروفیسر واجد حسین ،سی ای او ہیلتھ مہار اختر حسین نے بھی انسداد ڈینگی کے لئے کی گئی کاوشوں ، احتیاطی تدابیراختیار کرنے سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ڈینگی مچھر سے بچاؤ ہی اس وائرس سے بچنے کا واحد رستہ ہے اور ہمیں انسداد ڈینگی ایس او پیز کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہے۔
بعد ازاں شرکاء سیمینار نے ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج ،ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ،سی ای او ہیلتھ مہار اختر حسین، پروفیسر ڈاکٹر واجد حسین و دیگر کی قیادت میں آگاہی واک کی ۔ اس موقع پر شرکاء نے انسداد ڈینگی کے لئے آگاہی پر مبنی پوسٹر اور بینرز اٹھا رکھے تھے بعد ازاں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج ،ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑاءچ نے مون سون شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودے بھی لگائے اور ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی ۔











